ڈرائیور کو جھپکی آنے سے بس بے قابو ہو کر فٹ برج پر لگے پول سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ زخمیوں میں زیادہ تر مسافر نیپال، کشی نگر اور دیوریا کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔


سڑک حادثہ / یو این آئی
گورکھپور سے دہلی مسافروں کو لے جا رہی ایک ڈبل ڈیکر بس ایودھیا کے بھیلسر چوراہے پر حادثہ کا شکار ہو گئی۔ بس ڈرائیور کو جھپکی آنے سے بس بے قابو ہو کر فٹ برج پر لگے پول سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں گورکھپور کے رہنے والے ایک مسافر کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 32 دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا۔ جہاں 19 مسافروں کی حالت سنگین ہونے کی وجہ سے فوری طور پر درشن نگر ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا۔ زخمیوں میں زیادہ تر مسافر نیپال، کشی نگر اور دیوریا کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔
حادثہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ بھیلسر چوکی انچارج منیش چترویدی کے مطابق ڈبل ڈیکر بس نمبر بی آر 28 پی 5076 گورکھپور سے دہلی جا رہی تھی۔ ڈرائیور کو جھپکی آنے سے بس بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے فٹ برج پر لگے پول سے ٹکرا کر ہائی وے پر ہی پلٹ گئی۔
حادثے میں مرنے والے شخص کی شناخت گورکھپور ضلع کے اسورن چوراہا باشندہ 28 سالہ امت شرما کے طور پر ہوئی ہے۔ بس پلٹتے ہی جائے حادثہ پر چیخ و پکار مچ گئی۔ بھیلسر گاؤں کے ہائی وے کنارے گھروں میں رہنے والے لوگ بچاؤ کے لیے دوڑے۔ اس واقعہ کے بعد ایودھیا سے لکھنؤ جانے والی لین پر جام لگ گیا۔
انچارج انسپکٹر سنجے موریہ سمیت پولیس دستہ نے جے سی بی مشین سے بس کو ہائی سے اٹھا کر الگ کیا۔ تقریباً دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک ہائی وے جام رہا۔ انچارج انسپکٹر سنجے موریہ نے بتایا کہ ڈرائیور کا نام پتہ نامعلوم ہے۔ نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ رجسٹرڈ کر لیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔