
سنبھل (یوپی) (پی ٹی آئی) ضلع عدالت نے چہارشنبہ کے دن اس درخواست کی سماعت کے لئے 28 اپریل کی تاریخ مقرر کی جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہاں کی شاہی جامع مسجد دراصل ہری ہر مندر تھی۔
سیول جج (سینئر ڈیویژن) آدتیہ سنگھ کے سامنے جب معاملہ زیرسماعت آیا تو انہوں نے اسے 28 اپریل تک ملتوی کردیا۔
ہندو فریق کے وکیل نے کہا کہ مسجد کمیٹی کے وکیل کو آج اپنا تحریری بیان داخل کرنا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ آدتیہ سنگھ کی عدالت نے 28 اپریل کی اگلی تاریخ دی ہے۔
ہندو فریق کے وکیل گوپال شرما نے کہا کہ ہم نے عدالت سے کہا کہ مسلم فریق کو تحریری جواب داخل کرنے کا کوئی موقع نہ دیا جائے۔
شاہی مسجد کمیٹی کے صدر ظفر علی نے تاہم صحافیوں کو بتایا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے حکم التوا کی وجہ سے سماعت نہ ہوسکی اور 28 اپریل کی تاریخ دی گئی۔