مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے مختلف دستوں نے حالیہ مہینوں کے دوران ملک کے مختلف صوبوں میں وسیع پیمانے پر دفاعی مشقیں کی ہیں۔ ایرانی فوج نے دفاعی مشقوں کے دوران مختلف نوعیت کے دفاعی آلات کا تجربہ کیا ہے۔
ایرانی دفاعی مشقوں کے بارے میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ تل ابیب ایرانی دفاعی مشقوں کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ مختلف اقسام کے منظرنامے ترتیب دیے جائیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو کے ترجمان نے ایران کی ان مشقوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
ایران نے گزشتہ ماہ اپنا تیسرا میزائل بیس متعارف کروایا ہے جو جنوبی ایران میں واقع ہے۔ اس اڈے میں کروز میزائل رکھے گئے ہیں۔
مشقوں کے دوران ایرانی فوج نے قدر 380 کی رونمائی کی تھی جس کی رینج 1000 کلومیٹر ہے۔ جدید الیکٹرانک وارفیئر ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل خاص طور پر دشمن کے جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔