اردو اکیڈمی جدہ و محی الدین ٹرسٹ کی جانب سے ایس ایس۔سی طلباء مستقر محبوب نگر میں امتحانی کٹس کی تقسیم

حیدرآباد: ضلع تلنگانہ میں  جماعت دہم SSC کے سالانہ امتحانات جس کا آغاز 21/مارچ 2025 سے ہوگا کے پیش نظر حسب روایت اردو اکیڈمی جدہ و محی الدین ٹرسٹ ایجوکیشن اینڈ سوشل ویلفیئر کی جانب سے عالی جناب حلیم بابر صاحب( صدر بزم کہکشاں محبوب نگر) کی زیر صدارت مستقر محبوب نگر میں دس  گورنمنٹ اردو میڈیم اسکولوں کے جماعت دہم (S.S.C) کے طلباء میں امتحانی کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔

اس تمام کاروائی کی انجام دہی کے لئے نیو ٹاؤن گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم محبوب نگر میں ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی صدارت محترم عالی جناب حلیم بابر صاحب صدر بزم کہکشاں محبوب نگر  نے کی۔

مہمان خصوصی جناب فاروقی ۔ صدر اردو اکیڈمی جدہ (حیدرآباد چیاپٹر)، جناب سید نعیم صاحب ۔ جنرل سکریٹری اردو اکیڈمی جدہ، جناب ہاشم علی صاحب۔ نائب صدر اردو اکیڈمی جدہ (حیدرآباد چیاپٹر)، جناب احمد محی الدین صاحب ۔ جنرل سکریٹری اردو اکیڈمی جدہ  (حیدرآباد چیاپٹر) و بانی محی الدین ٹرسٹ  نے شرکت کی۔

پروگرام کوآرڈینٹر جناب یوسف بن ناصر صاحب و

جناب عبد الرب صاحب صدر مدرس نیو ٹاؤن ہائی اسکول محبوب نگر اور جناب خواجہ عظیم الدین رانا صاحب مدرس جنھوں نے اس جلسے کی نظامت کے فرائض بھی بحسن خوبی انجام دیئے کے علاؤہ دیگر اساتذہ و معززین شہر نے شرکت کی۔

جلسے کا آغاز قرآت کلام پاک سے ہوا۔ پھر ناظم جلسہ جناب خواجہ عظیم الدین رانا صاحب مدرس نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللّہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کی۔

صدر جلسہ جناب حلیم بابر صاحب نے اپنے خطاب میں اردو اکیڈمی جدہ و محی الدین ٹرسٹ کے ذمہ داران کی ان کوششوں کو سراہا اور طلباء کو عملی زندگی میں تعلیم کی اہمیت و افادیت سے واقف کروایا۔

اردو اکیڈمی جدہ سوینیر 2024 کی رسم اجراء جناب حلیم بابر صاحب کے ہاتھوں انجام پائی۔جناب سلیم فاروقی صاحب نے اردو اکیڈمی جدہ کا قیام اور اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے طلباء کو اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا۔

جناب احمد محی الدین صاحب نے اپنی تقریر میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ  تعلیم  انسان کی زندگی پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے تعلیم کا مطلب سرٹیفکٹ حاصل کرنا یا کوئی نوکری کرکے اپنا یا متعلقین کا پیٹ بھرنا نہیں بلکہ تعلیم انسان کی سوچ، اس کے اخلاق، اپنے والدین، بزرگوں و اساتذہ کی تعظیم و احترام ، چھوٹوں سے شفقت و حسن سلوک کرنے کا طریقہ سکھاتی ہے۔

 زندگی میں خود اعتمادی و وسیع النظری عطا کرتی ہے۔ خدمت خلق کی جانب مائل کرتی ہے ربّ کریم کی عبادت و رسول اکرم صلی اللّہ علیہ وسلم کی پیروی کرنے کا سلیقہ بخشتی ہے۔ آپ تمام اس اعتبار سے خوش نصیب ہیں کہ آپ اردو زبان میں تعلیم پا رہے ہیں۔

 اگر آپ مشاہدہ کریں گے تو آپ جان جائیں گے کہ برصغیر میں اسلامی تعلیمات، اسلامی تاریخ اور سیرتِ طیبہ صلی اللّہ علیہ وسلم کا صحیح و تفصیلی مواد کسی زبان میں آپ کو ملتا ہے تو وہ اردو زبان ہے۔ اس طرح آپ اپنے دین ،اپنی شریعت اور رسول اکرم صلی اللّہ علیہ و سلم کے احکامات کی عمل آوری کرتے ہوئے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

جناب سید نعیم الدین باری صاحب نے بھی اپنے پیشرو مقررین کی طرح طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کسی انسان کی زندگی میں اس کے اساتذہ کا کیا کردار ہوتا ہے اور اساتذہ کا مثبت و احساس ذمہ داری سے بھرپور رویہ کسی بھی قوم کی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے اور طلباء کو اپنے والدین ہی کی طرح اپنے اساتذہ کا احترام کرنا چاہیئے ۔

 اس کے علاؤہ نعیم الدین باری صاحب نے ایک اور بات کہی جس پر طلباء و جلسے میں موجود ہر فرد نے تالیوں کی گونج میں اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ وہ یہ کہ وہ خود اسی اسکول کے طالب علم ہیں اور اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

جناب یوسف بن ناصر صاحب، جناب عبد الرب صاحب و خواجہ عظیم الدین رانا صاحب نے بھی اردو اکیڈمی جدہ و محی الدین ٹرسٹ کے اس اقدام کو سراہا اور طلباء کو امتحانات کی تیاری کرنے اور اپنے اساتذہ و اسکول کا نام روشن کرنے کی تلقین کی۔

اس کے بعد طلباء میں امتحانی کٹس تقسیم کئے گئے۔ جملہ 230 کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ چند طلباء جو غیر حاضر تھے ان کی کٹس ان کے اساتذہ کے حوالے کر دیئے گئے ۔ تقریب کے اختتام میں جناب خواجہ عظیم الدین رانا صاحب نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *