
حیدرآباد: زندگی کے مختلف شعبوں میں اصلاحی و سماجی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو تسلیم کرنا ایک ضروری اقدام ہے، جس سے نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہوتا ہے بلکہ انہیں مزید حوصلہ اور طاقت ملتی ہے۔
یہ بات جناب محمد ماجد حسین، رکن اسمبلی مجلس حلقہ نامپلی نے زمریس گروپ آف کمپنیز کی جانب سے منعقدہ “زمریس پرائیڈ آف تلنگانہ ایوارڈز 4” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب 23 فروری کو زمریس بینکوئیٹ ہال، وجئے نگر کالونی میں منعقد ہوئی۔
جناب ماجد حسین نے ایوارڈز کے انعقاد کو لائق ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی اصلاح کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد کی قدر کرنا چاہیے اور ان کے لیے اس طرح کے ایوارڈز حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کا مقصد عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے اور وہ اپنی انتخابی حلقہ میں اسپتالوں اور دیگر ترقیاتی کاموں میں مسلسل مصروف ہیں۔
ڈاکٹر مظفر علی ساجد، چیئرمین زمریس گروپ نے ایوارڈز کی تقریب میں ماجد حسین کا خیرمقدم کیا اور ایوارڈز کے انعقاد کے مقصد کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈز سماج کے باصلاحیت افراد کو مزید توانائی فراہم کرتے ہیں اور ان کی خدمات کو سراہنے کا ایک طریقہ ہیں۔
اس موقع پر مختلف شخصیات کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا، جن میں جناب محمد نواب، جناب محمد حسام الدین، ایم سرینواس، ڈاکٹر انور محی الدین، امجد خان اور دیگر شامل تھے۔ ایوارڈ یافتگان نے زمریس گروپ کے کام کی تعریف کی اور ایوارڈز کے لیے شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں معروف سماجی اور تعلیمی شخصیات کی شرکت تھی، جن میں ڈاکٹر نجمہ سلطانہ، سید فخر الدین، اور دیگر اہم افراد شامل تھے۔ تقریب کا اختتام شکریہ کے کلمات کے ساتھ ہوا۔