مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت کل ہفتے کے دن 6 صیہونی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 602 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا جائے گا۔
فلسطینی قیدیوں کے دفتر کے مطابق جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں کل 6 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔
صہیونیوں کے بدلے میں رہا ہونے والے فلسطینیوں میں سے 50 وہ قیدی جو عمر قید کی سزا بھگت رہے تھے، 60 وہ قیدی جنہیں سخت سزائیں سنائی گئی تھیں، 47 وہ قیدی جو پہلے رہا ہوچکے تھے لیکن دوبارہ گرفتار کر لیے گئے، اور 445 وہ قیدی جو 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں گرفتار کیے گئے تھے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بھی اعلان کیا ہے کہ تل ابیب کو ان 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست موصول ہوگئی ہے جو کل رہا کیے جائیں گے۔ یرغمالیوں کے اہل خانہ کو اس بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعرات کو بھی فلسطینی تنظیموں نے چار اسرائیلیوں کی لاشیں حوالے کی تھیں، جو غزہ پر صیہونی فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔