کیا آر جے ڈے اور جے ڈی یو پھر آئیں گے ساتھ؟ ریکھا گپتا کی حلف برداری اور مودی کے ساتھ میٹنگ میں نظر نہیں آئے نتیش کمار

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حوالے سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ترجمان بھائی ویریندر نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ جمعرات (20 فروری) کو انہوں نے کہا کہ نتیش کمار آر جے ڈی کے ساتھ آنے والے ہیں۔

فائل تصویر تیجسوی یادو اور نتیش کمارفائل تصویر تیجسوی یادو اور نتیش کمار
فائل تصویر تیجسوی یادو اور نتیش کمار
user

بہار میں رواں سال ہونے والے اسمبلی انتخاب سے قبل سیاسی گلیاروں طرح طرح کی خبریں گشت کر رہی ہیں۔ اس درمیان کچھ لیڈران دعویٰ کر رہے ہیں کہ آر جے ڈی اور جے ڈی یو ایک بار پھر ساتھ آنے والے ہیں۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حوالے سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ترجمان بھائی ویریندر نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ جمعرات (20 فروری) کو انہوں نے کہا کہ نتیش کمار آر جے ڈی کے ساتھ آنے والے ہیں۔ اس سے قبل بھی بھائی ویریندر کئی بار ایسا دعویٰ کر چکے ہیں۔ حالانکہ ان کی پارٹی کے بڑے لیڈر تیجسوی یادو کہہ چکے ہیں کہ نتیش کمار کے لیے آر جے ڈی کے دروازے بند ہیں۔ نتیش کمار بھی کئی بار کہہ چکے ہیں اب اِدھر اُدھر نہیں جائیں گے، پرانے ساتھی بی جے پی کے ساتھ ہی رہیں گے۔ واضح ہو کہ نتیش کمار 3 دفع بی جے پی چھوڑ کر آر جے ڈی کے خیمے میں جا چکے ہیں۔ لالو یادو اکثر کہتے رہتے ہیں کہ نتیش اگر ان کے ساتھ آتے ہیں تو ان کا استقبال کیا جائے گا۔

بہار میں رواں سال ہی اسمبلی انتخاب ہونے والے ہیں۔ اس حوالے سے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے سیاسی پروگراموں اور بیان بازیوں کا سیلاب آ چکا ہے۔ دریں اثنا آر جے ڈی کے رکن اسمبلی اور پارٹی کے ترجمان بھائی ویریندر کے بیان نے سیاسی گلیاروں میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے۔ پٹنہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے درمیان آر جے ڈی ترجمان سے جب پوچھا گیا کہ ’’نتیش کمار دہلی وزیر اعلی کی حلف برداری تقریب میں نہیں گئے ہیں۔‘‘ اس سوال کے جواب میں انہوں نے صرف اتنا کہا کہ ’’نتیش کمار ہمارے ساتھ آنے والے ہیں تو دہلی کیسے جائیں گے۔‘‘

اس سے قبل بھی بھائی ویریندر نے ایک بار کہا تھا کہ سیاست میں کوئی مستقل دوست یا دشمن نہیں ہوتا ہے۔ نتیش کمار آنا چاہتے ہیں تو ان کا استقبال کیا جائے گا۔ اسمبلی میں آمنے سامنے ہونے پر انہوں نے نتیش کمار سے صاف کہہ دیا تھا کہ اِدھر آ جائیے۔ آر جے ڈی کے سپریمو لالو پرساد یادو نے جنوری ماہ میں کہا تھا کہ نتیش کمار اگر بی جے پی کو چھوڑ کر ہمارے ساتھ آتے ہیں تو ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ حالانکہ سیتامڑھی میں ’کاریہ کرتا درشن یاترا‘ پر تیجسوی یادو نے بھائی ویریندر کے بیان کے متعلق پوچھے گئے سوال پر زور دے کر کہا تھا کہ پارٹی کے بڑے لیڈر وہ خود ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ نتیش کمار کے آر جے ڈی کے ساتھ آنے والے بیان کو اس وجہ سے بھی مزید تقویت ملتی ہے کہ نتیش کمار آج دہلی میں ریکھا گپتا کی حلف برداری تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ وہ بہار کے نالندہ میں ’پرگتی یاترا‘ میں مصروف رہے۔ جے ڈی یو کی جانب سے حلف برداری تقریب میں وزیر للن سنگھ اور راجیہ سبھا رکن سنجے جھا موجود تھے۔ وہیں دہلی وزیر اعلی کی حلف برداری تقریب کے بعد این ڈی کی حکومت والی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو سمیت تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اس میٹنگ میں موجود تھے لیکن بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نظر نہیں آئے۔ حلف برداری تقریب اور نریندر مودی کے ساتھ میٹنگ میں عدم موجودگی کے بعد سے ہی ایک بار پھر سیاسی گلیاروں میں یہ بات گردش کرنے لگی ہے کہ کیا نتیش کمار ایک بار پھر ’پلٹی ماریں گے؟‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *