
حیدرآباد: برڈ فلو کے خدشات کے باعث چکن کی قیمتوں میں بھاری کمی دیکھی گئی ہے۔ حالیہ دنوں تک 280 سے 300 روپے فی کیلو فروخت ہونے والا چکن اب محض 50روپے فی کیلو دستیاب ہے۔ شہری عوام برڈ فلو کے خوف کے باعث چکن کھانے سے احتیاط برت رہے ہیں، جس کی وجہ سے حیدرآباد میں چکن کی فروخت میں تقریباً 75 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
عام دنوں میں شہر میں روزانہ 6 لاکھ کیلو چکن فروخت ہوتا تھا، لیکن موجودہ صورتحال کے باعث یہ مقدار نصف سے بھی کم ہوتی جارہی ہے۔ چکن کی دکانیں سنسان نظر آرہی ہیں اور دکاندار گاہکوں کے انتظار میں بے چین ہیں۔
دوسری جانب، ہوٹلوں اور ریسٹورینٹس میں چکن سے بنی ڈشز کی مانگ بھی واضح طور پر گھٹ گئی ہے۔
ادھر، آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں برڈ فلو کے باعث لاکھوں مرغیاں ہلاک ہوچکی ہیں۔
ساتھ ہی، تلنگانہ میں انیمل ہسبنڈری ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار مختلف پولٹری فارمز کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ برڈ فلو کی ممکنہ علامات کا پتہ لگایا جا سکے۔ حکام کے مطابق، تلنگانہ کے اضلاع کاماریڈی، نظام آباد، نرمل اور کھمم میں بھی مرغیوں کی ہلاکت کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں، جس سے عوام میں مزید تشویش پائی جا رہی ہے۔