حیدرآباد: چانکیہ پوری کالونی میں مسجد کے روبرو فرقہ پرستوں کی شرانگیزی(ویڈیو)

حیدرآباد(منصف نیوز بیورو)ناچارم پولیس اسٹیشن کے تحت چانکیہ پوری کالونی‘ ملا پور میں مسجد اشرف کے روبرو آج رات جب مصلیان مسجد صلوٰۃ العشا ء کے سنن و نوافل ادا کرنے میں مصروف تھے‘ چند فرقہ پرست اشرار موٹربائیکس پر وہاں پہنچے اور ہارن بجاتے ہوئے اونچے‘ ایکسلیٹر پر گاڑیوں کو گھماتے ہوئے اشتعال انگیز نعرے لگاکر پرامن ماحول کو مکدر کرنے کی کوشش کی۔

زعفرانی پرچم تھامے 10-15 نوجوان تقریباً 9:20 بجے مسجد کے سامنے جمع ہوئے اور گاڑیوں کو گھماتے ہوئے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز نعرے لگائے۔

مقامی لوگوں کے مطابق یہ شر انگیزی تقریباً ڈھائی گھنٹوں تک جاری رہی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری جناب خواجہ غیاث الدین نے بتایا کہ ابتداء میں جب دو نوجوان پولیس اسٹیشن پہنچ کر ان نوجوانوں کی شرانگیزی کے خلاف شکایت درج کروانی چاہی تھی مگر اسٹیشن ہاؤز آفیسر مسٹر ردویر کمار نے انہیں یہ کہہ کر واپس لوٹادیا کہ وہ کل صبح شکایت درج کریں گے تاہم چند کانگریسی قائدین کے دباؤ ڈالنے پر پولیس کی دو گاڑیوں کو روانہ کیا گیا تاہم شرپسند وں کو گرفتار کرنے سے گریز کیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ وہاں پر پولیس پکٹس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ جناب غیاث الدین نے بتایاکہ مقامی لوگوں نے انہیں بتایا کہ ان نوجوانوں نے جو مہلک ہتھیاروں سے لیس تھے نہ صرف مسجد کے روبرو شرانگیزی کا مظاہرہ کیا بلکہ مسلمانوں کے مکانات کے روبرو بھی ایسی ہی حرکت کی۔

کانگریس کے سینئر قائد جناب عثمان بن محمد الہاجری نے بھی اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کے اعلیٰ حکام سے نمائندگی کریں گے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تمام شرپسندوں کی نشان دہی کی جائے اور انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔

یہی نہیں بلکہ بروقت کارروائی کرنے میں ناکام پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی تادیبی کارروائی کی جائے۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *