
نئی دہلی: مسٹر گیانیش کمار کو پیر کے روز ملک کے 26ویں چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت قانون نے گزشتہ شب ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مسٹر گیانیش کمار کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کا اعلان کیا۔
وہ الیکشن کمشنرز کی تقرری کے نئے قانون کے تحت مقرر کئے جانے والے پہلے سی ای سی ہیں۔
کیرالہ کیڈر کے 1988 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر گیانیش کمار گزشتہ سال مارچ سے الیکشن کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں ترقی دی گئی ہے۔ ان کی میعاد کار 26 جنوری 2029 تک ہے۔
وہ اس سے قبل مرکزی وزارت داخلہ کا حصہ تھے اور انہوں نے 2019 میں جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنے والے بل کا مسودہ تیار کرنے میں مدد کی تھی۔
وہ اس سال بہار میں اسمبلی انتخابات اور اگلے سال مغربی بنگال، آسام اور تمل ناڈو میں ہونے والے انتخابات کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
مسٹر گیانیش کمار 19 فروری کو موجودہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار سے عہدہ سنبھالیں گے۔ مسٹر راجیو کمار منگل یعنی 18 فروری کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے 15 مارچ 2024 کو الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالا۔
اس سے پہلے، وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے پیر کو نئے سی ای سی کے نام کو حتمی شکل دینے کے لیے میٹنگ کی تھی۔
مسٹر مودی کے علاوہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں مسٹر گیانیش کمار کے نام پر حتمی اتفاق رائے ہوا، جس کے بعد صدر کو ان کے نام کی سفارش کی گئی۔