محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑوں پر نیا ویسٹرن ڈسٹربینس تیار ہو رہا ہے جس سے 10 سے زیادہ ریاستوں میں بارش کے آثار پیدا ہو گئے ہیں۔ سب سے زیادہ اثر شمال مشرقی ریاستوں میں دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے (فائل تصویر) / آئی اے این ایس
ایک طرف جہاں ٹھنڈ کی وداعی ہو رہی ہے وہیں دوسری طرف شدید بارش کے آثار بن رہے ہیں۔ اطلاع کے مطابق خلیج بنگال کے اوپر طوفانی ہواؤں کا علاقہ تیار ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے 10 سے زیادہ ریاستوں میں بارش کے امکانات ہیں۔ اس کا سب سے زیادہ اثر شمال مشرقی ریاستوں میں دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ وہیں شمال مغرب کی ریاست جیسے ہماچل پردیش اور اترا کھنڈ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑوں پر نیا ویسٹرن ڈسٹربینس تیار ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ہماچل پردیش میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی ایسا موسم اترا کھنڈ میں 19 اور 20 فروری کو ہو سکتا ہے۔ خبر ہے کہ 19 اور 20 فروری کو پنجاب، ہریانہ اور مغربی اتر پردیش میں اور 17 سے 19 تک راجستھان میں بھاری بارش ہو سکتی ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 7 دنوں کے دوران شمال مشرقی ریاستوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ناگالینڈ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سمندر کے 1٫5 کلومیٹر اوپر طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔ اس کی وجہ سے 21 فروری تک شمال مشرق کے علاقوں میں بھاری بارش کے ساتھ ساتھ برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ 19 فروری کو آسام اور میگھالیہ میں بھی شدید بارش کے ساتھ شمال مشرق کی زیادہ تر ریاستوں میں آندھی طوفان کے بھی آثار ہیں۔ اس ہفتے اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔