سیاست میں مجرمانہ کردار کے لوگوں کی تیزی سے شمولیت سنگین معاملہ بن چکا ہے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں ایک اعداد و شمار پیش کیا گیا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ 543 لوک سبھا اراکین پارلیمنٹ میں سے 251 پر فوجداری کے معاملے چل رہے ہیں۔ ان میں سے 170 پر ایسے جرم ہیں جن میں 5 یا اس سے زیادہ سال کی قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
سینئر وکیل وجئے ہنساریہ نے جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس منموہن کی بنچ کو 83 صفحات کی ایک رپورٹ سونپی ہے، جسے مختلف ہائی کورٹ سے ڈیٹا لے کر تیار کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق کیرالہ کے 20 میں سے 19 اراکین پارلیمنٹ (95 فیصد) کے خلاف فوجداری مقدمہ درج ہے، جن میں سے 11 پر سنگین معاملے ہیں۔