دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس ووٹ شیئر متاثر ہونے کی وجہ عآپ کی انتخابی تشہیر میں کیا گیا غلط دعویٰ تھا، جس میں بتایا جا رہا تھا کہ عآپ حکومت بنا رہی ہے، اس سے بی جے پی مخالف ووٹرس گمراہ ہوئے۔
![<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / تصویر آئی این سی</p></div>](https://media.assettype.com/qaumiawaz%2F2024-08%2Ffb68c954-706b-4fe5-833d-438bbba10cf4%2Fdevendra%20yadav.jpg?rect=0%2C0%2C4000%2C2250&auto=format%2Ccompress&fmt=webp)
![<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / تصویر آئی این سی</p></div>](https://media.assettype.com/qaumiawaz%2F2024-08%2Ffb68c954-706b-4fe5-833d-438bbba10cf4%2Fdevendra%20yadav.jpg?rect=0%2C0%2C4000%2C2250&auto=format%2Ccompress&fmt=webp&w=1200)
دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
’’چاہے دہلی اسمبلی انتخاب میں کانگریس کو محنت کا پھل نہیں ملا ہے، لیکن سبھی امیدواروں نے بہتر انداز میں انتخاب لڑا اور کانگریس کارکنان نے سبھی سیٹوں پر کانگریس امیدواروں کے حق میں زمینی سطح پر سخت محنت کی تھی۔ مجھے کانگریس کارکنان پر فخر ہے۔‘‘ یہ بیان دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے دہلی اسمبلی انتخاب میں کانگریس کی خراب کارکردگی کے پیش نظر دیا ہے۔ انھوں نے انتخابی نتائج کے تعلق سے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’دلت اور اقلتیوں کا ووٹ حاصل کرنے میں کانگریس کی ناکامی نے ہمارے ووٹ شیئر کو متاثر کیا۔ اس سے بی جے پی کو فائدہ ملا۔‘‘
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ دلتوں اور اقلیتوں کا بی جے پی مخالف ووٹ عآپ لیڈران کی گمراہ کن تشہیر کے سبب عآپ کی طرف چلا گیا۔ عآپ نے یہ گمراہی پھیلائی کہ عآپ کی حکومت بن رہی ہے، ایسے میں دلت اور اقلیت ووٹ ان کی طرف چلے گئے۔ دیویندر یادو نے اپنی بات کو مزید واضح انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’دلت اور اقلیت، جو ہمیشہ ہی بی جے پی کی سیاست سے پریشان رہے ہیں، انھوں نے بی جے پی کو روکنے کے لیے عآپ حکومت کی تشکیل کے جھوٹ میں آ کر اپنا ووٹ عآپ تک ہی محدود رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس کو ووٹ نہیں مل پایا، جس سے ہمارے امکانات متاثر ہوئے۔‘‘
دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ سے ہی پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے لیے جنگ لڑی ہے۔ ہم نے صحیح امیدوار اتارے اور مجھے کانگریس کیڈر پر فخر ہے۔ ہمیں 6.5 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ انھوں نے کانگریس پر اعتماد ظاہر کرنے والے دہلی کے باشندوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ بے شک دلت و اقلیت طبقہ دونوں کے ووٹ کانگریس کو نہیں ملے، یہ عآپ کے پاس چلے گئے۔ شاید ہم عوام کو یہ بتا نہیں پائے کہ کانگریس حکومت بنا سکتی ہے۔
اس دوران دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے دلتوں، اقلیتوں، محروم طبقات، غریبوں اور خط افلاس سے نیچے زندگی گزار رہے لوگوں کے حق کی لڑائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہلی والے اچھی طرح جانتے ہیں کہ بی جے پی کی سیاست کی بنیاد کیا ہے، اور اقتدار میں آنے کے بعد انھوں نے مرکز و ریاستوں میں کتنے وعدے پورے کیے ہیں۔ ایسے میں کانگریس عوام کے حقوق اور مفاد کی جنگ لڑتی رہے گی۔