مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے معاہدے کی شقوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے تبادلہ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ابو عبیدہ کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں سے مزاحمتی کمان دشمن کی خلاف ورزیوں اور جنگ بندی معاہدے کی شقوں کی عدم تعمیل پر نظر رکھے ہوئے ہے، جس میں غزہ کی پٹی کے شمال میں پناہ گزینوں کی واپسی میں تاخیر اور ان پر ہوائی فائرنگ اور گولہ باری بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی دشمن نے غزہ کے شمال میں پناہ گزینوں کی واپسی میں تاخیر کی اور انہیں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں نشانہ بنایا اور اس پٹی تک امدادی سامان کی ترسیل کو روک دیا، جبکہ مزاحمت نے معاہدے کی مکمل پاسداری کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب تک غاصب حکومت معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے گزشتہ ہفتوں کے وعدوں کی تلافی نہیں کرتی تب تک صیہونی قیدیوں کی حوالگی کو ملتوی کر دیا جائے گا۔