منی پور کے چیف منسٹر نے اچانک دے دیا استعفیٰ

نئی دہلی ۔ منی پور کے چیف منسٹر این بیرین سنگھ نے اچانک اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ آج ہی ان کی مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ سے ملاقات ہوئی تھی۔ منی پور میں تشدد کے حوالے سے مسلسل اپوزیشن جماعتیں مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتی رہی ہیں۔ این بیرین سنگھ نے اپنا استعفیٰ گورنر اجے کمار بھلا کو دے دیا ہے جسے قبول کر لیا گیا ہے۔

 

این بیرین سنگھ نے اس سے پہلے 2024 کے آخر میں ریاست میں نسلی تشدد کے بارے میں ریاست کے عوام سے معافی مانگی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ پورا سال انتہائی خراب رہا۔ بتا دیں کہ این بیرین‌ سنگھ ریاست میں پچھلے ڈیڑھ سال سے منی پور میں جاری تشدد کے باعث دباؤ کا سامنا کر رہے تھے۔

 

استعفیٰ دینے کے بعد ذرائع کے مطابق ریاستی گورنر اجے کمار بھلا نے ابھی این بیرین سنگھ سے کارگزار چیف منسٹر کے طور پر عہدہ سنبھالنے کے لیے کہا تھا۔ بتا دیں کہ استعفیٰ کا فیصلہ لینے سے پہلے این بیرین سنگھ نے اتوار کی صبح مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ سے دہلی میں ملاقات کی تھی۔

 

این بیرین سنگھ نے ریاستی گورنر اجے کمار بھلا کو دیے اپنے استعفے میں گورنر سے منی پور کی یکجہتی کو برقرار رکھنے اور ریاست کی سیکیورٹی کے لیے مرکزی حکومت سے ضروری اقدامات کی درخواست کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اپنے استعفے میں ریاست کی استحکام اور سیکیورٹی سے متعلق پانچ اہم مطالبات بھی مرکزی حکومت کے سامنے رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کی تاریخی اور ثقافتی یکجہتی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

 

اس کے علاوہ این بیرین سنگھ نے سرحد پر غیر قانونی داخلے کو روکنے اور غیر قانونی تارکینِ وطن کو نکالنے کی پالیسی بنانے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے منشیات سے جڑے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور ایک سخت و محفوظ نئی ایم ایف آر (MFR) نظام کو نافذ کرنے پر زور دیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *