مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، روس نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ مغرب شام کے مسئلے کے حل کے عمل سے روس، ایران اور چین کو باہر رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ شام میں داخلی مذاکرات اب تک کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
لاوروف نے فلسطینی تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کو ایسے اشارے موصول ہورہے ہیں کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے نفاذ میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مشرق وسطی کے مسائل کا حل صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے لیبیا کی صورتحال کو تشویشناک اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کی کارکردگی کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس دیکھ رہا ہے کہ لیبیا میں سنگین مسائل درپیش ہیں۔