مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے تسلسل کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ صدر ٹرمپ کے اس بیان کے بعد حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جاری جنگ بندی کے مستقبل کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو روکنا چاہتی ہے، لیکن اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ واشنگٹن کو امید ہے کہ یوکرین امریکہ کو نایاب معدنی وسائل فراہم کرے گا۔
انہوں نے چین کے ساتھ جاری تجارتی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی محصولات پر مذاکرات ممکنہ طور پر آئندہ 24 گھنٹوں میں شروع ہوں گے۔
انہوں نے پاناما سے اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاناما سے خوش نہیں ہوں، لیکن انہوں نے کچھ معاملات پر اتفاق کر لیا ہے۔ امریکی صدر نے اس معاہدے کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
انہوں نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں کہا کہ میری جسٹن ٹروڈو کے ساتھ اچھی گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے میکسیکو کے ساتھ ایک معاہدے کا ذکر کیا، جس کے تحت میکسیکو نے اپنی سرحد پر 10,000 فوجی مستقل طور پر تعینات کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔