کشمیر میں خشک موسم کے بیچ ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کا زور بر قرار

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے 3 دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ جبکہ شبانہ حرارت میں 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی گراوٹ متوقع ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div><div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

وادی کشمیر میں جہاں ایک طرف دن کے دوران اچھی خاصی دھوپ چھائی رہتی ہے جس سے لوگ لطف اندوز ہو رہے ہیں تو وہیں دوسری طرف ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کا زور تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے 3 دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ جبکہ شبانہ حرارت میں 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی گراوٹ متوقع ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 29 جنوری کی شام تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 29 جنوری کی شام سے 30 جنوری کی صبح تک کہیں کہیں تازہ ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں اور اس کے بعد 31 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یکم اور 2 فروری کو بھی کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔ادھر وادی میں مطلع صاف رہنے کے باعث شبانہ سردی کی لہر کی تیزی بر قرار ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں 21 دسمبر کو شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔سری نگر میں سال 1974 کے ماہ دسمبر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور 13 دسمبر سال 1964 کو شبانہ درجہ حرارت منفی 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہان گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھاجبکہ زوجیلا پر کم سے کم درجہ حرارت منفی25.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردیوں کا باد شاہ چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے جو 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔ یہ چلہ ٹھٹھرتی سردیوں اور بھاری باری کے لئے مشہور ہے اور اس کے بعد 20 دنوں پر محیط چلہ خورد شروع ہوجاتا ہے۔دریں اثنا وادی میں اتوار کو بھی صبح سے ہی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو پارکوں، صحنوں وغیرہ میں بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔


[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *