پونے: پونے ناسک ہائی وے پر نارائنگاؤں کے قریب ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جس میں 3 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں 9 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، یہ حادثہ آج صبح تقریباً 10 بجے کے قریب نارائنگاؤں کے نزدیک پیش آیا۔ ایک آئیشر ٹیمپو نے پیچھے سے مسافروں سے بھری ایک میکس آٹو رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے بعد رکشہ سامنے سڑک کے کنارے روکی ہوئی ایک ایس ٹی بس سے ٹکرا گیا۔
اس حادثے میں 9 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جن میں 4 خواتین، 4 مرد اور ایک بچہ شامل ہیں۔ تین دیگر افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ہوئی ہے ان میں دیبو بائی دمو تکلکر (65 سال)، ویشکھ کھیڑ (تعلقہ جنر، ضلع پونے),ونود کیروبھاؤ روکے (50 سال، مقیم کنڈلی، تعلقہ جنر, ضلع پونے), یووراج مہادیو واول (23 سال، رہائش پذیر کنڈلی, تعلقہ جنر, ضلع پونے), ندرکانت کاربھاری گنجال (57 سال، مقیم کنڈلی, تعلقہ جنر, ضلع پونے), گیتا بابو راؤ گوارے (45 سال, رہائش پذیر کنڈلی, تعلقہ جنر, ضلع پونے), بھاؤ ربھاجی بڑے (65 سال, ناگدوادی کاندلی, تعلقہ جنر, ضلع پونے), نجمہ احمد حنیف شیخ (35 سال, رہائش پذیر گڈی میدان, کھیڈ راج گرو نگر),واشفہ واشم انعامدار (5 سال) منیشا نانا صاحب پچارنے( 36 سال, رہائش پذیر کنڈلی, تعلقہ جنر, ضلع پونے) شامل ہیں۔
یہ تمام افراد میکس آٹو رکشہ میں سوار تھے اور ان کا تعلق آس پاس کے دیہات سے تھا۔ حادثہ ناسک سے پونے کی جانب سفر کرتے ہوئے پیش آیا۔پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔