حیدرآباد 13/, جنوری (اردو لیکس)رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا نے تلنگانہ کے عوام کو بھوگی ‘سنکرانتی اور کنمو تہواروں کی دلی مبارکباد پیش کی۔حیدرآباد کے کے بی آر پارک میں صبح کی اولین ساعتوں میں تلنگانہ جاگروتی کے زیر اہتمام بھوگی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
جس میں کے کویتا مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئیں اور بھوگی کی آگ روشن کی۔اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے کویتا نے کہاکہ شہر میں دیہاتی ماحول پیدا کرتے ہوئے بھوگی تہوار منانا قابل ستائش ہے۔انہوںنے کہاکہ بھوگی کا معنی ومفہوم منفی چیزوں کو ترک کرتے ہوئے نئے جوش اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھناہے۔کویتا نے کہاکہ ہماری ثقافت اور روایات کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے میں تہوار اہم کردار اداکرتے ہیں
۔اس موقع پر مختلف ثقافتی پروگرامس اور گنگی ریڈی کے روایتی رقص سے شرکاءمحظوظ ہوئے۔خواتین نے بھوگی کی آگ کے گرد رقص کیا اور جشن منایا۔کویتا نے بچوں کو بھوگی کے پھل پیش کئے اور نیک تمنائیں وابستہ کیں۔قبل ازیں تلنگانہ جاگروتی کے ذمہ داران کی جانب سے کے کویتا کا شاندار استقبال کیاگیا۔