ایران اور چین کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، دونوں ملکوں کے تعلقات مثبت اور آگے بڑھ رہے ہیں

[]

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران اور عوامی جمہوریہ چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات میں تازہ ترین پیش رفت اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امیر عبداللہیان نے وانگ ایی کو چین کے وزیر خارجہ کے طور پر دوبارہ تقرری کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے،  دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مثبت اور پیش رفت کی جانب گامزن قرار دیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے صدور کے معاہدوں پر عمل درآمد میں اچھی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے درست سمت میں جامع 25 سالہ تعاون کے پروگرام کی پیشرفت کا جائزہ لینے پر زور دیا۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ایی نے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعلقات کا مثبت جائزہ لیتے ہوئے  جنوبی افریقہ میں بریکس سربراہی اجلاس کے حوالے سے اپنے ملک کے نقطہ نظر اور اراکین کی توسیع سے متعلق امور کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے ایرانی فریق کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا ایک اہم رکن قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کے آئندہ اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کی موجودگی کو اہم جانا۔ 
چین کے وزیر خارجہ نے امیر عبداللہیان کے دورہ سعودی عرب اور تہران- ریاض تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

فریقین نے دونوں ممالک کے صدور کا ایک دوسرے کو تہنیتی پیغام پہنچاتے ہوئے رہنماؤں کی سفارت کاری کے اہم کردار پر زور دیا اور بعض بین الاقوامی مسائل کو زیر غور لانے پر اتفاق کیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *