ممبئی ۔ مہنگی گاڑیاں ہمیشہ اپنی چمک دمک اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے توجہ کا مرکز ہوتی ہیں، لیکن اگر کوئی یہ کہے کہ ایک فیراری کار کو جو ریت میں پھنس گئی تھی اسے باہر نکالنے کیلئے بیل گاڑی کا سہارا لیا گیا تو اس بات پریقین کرنا مشکل ہوگا لیکن یہ سچ ہے۔
یہ حیران کن واقعہ ریاست مہاراشٹرا کے رائے گڑھ ضلع میں پیش آیا جہاں ایک لگژری ریس کار ساحل سمندر کی نرم ریت میں پھنس گئی اور اسے نکالنے کے لیے مقامی بیل گاڑی کا سہارا لینا پڑا۔ممبئی سے تعلق رکھنے والے دو افراد اپنی فیراری کار کے ساتھ رائے گڑھ کے مشہور ریودندا بیچ پر سیر کرنے پہنچے۔ لیکن جیسے ہی ان کی گاڑی ساحل کی نرم ریت پر پہنچی، ان کی چمچماتی فیراری کے ٹائر ریت میں دھنس گئے اور کار وہیں رک گئی۔
کار کو نکالنے کے لیے کار مالکین اور وہاں موجود لوگوں نے اپنی پوری طاقت لگا دی لیکن وہ ناکام رہے۔ اسی اثنا میں ایک بیل گاڑی وہاں سے گزرہی تھی اور کار کے مالک کی نظر اس پر پڑی۔ مالک نے بیل گاڑی کے مالک سے مدد کی درخواست کی۔بیل گاڑی کو فیراری سے جوڑا گیا اور بیلوں کی بھرپور طاقت نے اس چمچماتی کار کو ریت سے نکال دیا۔
یہ منظر نہ صرف وہاں موجود لوگوں کے لیے حیران کن تھا بلکہ وہاں موجود افراد نے اس منظر کو کیمرے میں قید کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ کچھ نے تبصرہ کیا کہ یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ بعض اوقات سادہ روایتی طریقہ جدید ترین ٹیکنالوجی پر بھاری پڑ جاتے ہیں۔