[]
شاہجہاں پور: اترپردیش میں شاہجہاں پور ضلع کے مدنا پور علاقے میں ٹرک کی زد میں آکر کار میں سوار دو خواتین اور دو بچوں سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی جبکہ پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش ایس نے جمعرات کو بتایا کہ شاہجہاں پور ضلع کے کانٹ تھانہ علاقہ کے رہنے والے ٹیکسٹائل تاجر ریاض العلی کل رات اپنے کنبہ کے ساتھ کار سے دہلی جارہے تھے کہ کانٹ سے بریلی اٹاوہ روڈ پر برکھیڑا جے پال چوراہے پر سامنے سے آنے والے ایک ٹرک نے ٹکر مار دی۔
اس حادثے میں ریاض (45)، آمنہ (42)، گوڑیا (9)، تمنا “انو” (32) اور نور (6) کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے گاڑی میں سوار لوگوں کو نکال کر نزدیکی سرکاری اسپتال مدنا پور پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے پانچ افراد کو مردہ قرار دے دیا اور دیگر پانچ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج شاہجہاں پور بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لیکر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج میں متوفی ریاض کے چچا شمشیر علی نے بتایا کہ وہ دو روز قبل دہلی سے اپنی فیملی کے ساتھ یہاں ایک شادی کی تقریب کے لیے آئے تھے اور شادی ختم ہونے کے بعد اہل خانہ کے ساتھ دہلی جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مہلوکین کے سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات دی ہیں۔
اس کے ساتھ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کی ہے۔