[]
حیدرآباد: بی آر ایس قائد ٹی ہریش راؤ نے چہارشنبہ کے روزتلنگانہ اسمبلی میں سنسنی خیز دعویٰ کیا کہ چندارکان، حالت نشہ میں ایوان میں آرہے ہیں۔ انہوں نے ارکان مقننہ کیلئے بریتھ انالائزر ٹسٹ کی تجویز پیش کی۔ سابق وزیر فینانس نے کہا کہ جس طرح سڑکوں پر ڈرنک اینڈ ڈرائیو کی جانچ کے لئے بریتھ انالائزرٹسٹ کیا جاتا ہے ٹھیک اسی طرح اسمبلی میں داخلہ کے وقت ارکان مقننہ کا بریتھ انالائزر ٹسٹ کرنا چاہئے۔
ہریش راؤ نے ریمارک کیا کہ چند ارکان،صبح شراب پی کر ایوان میں آر ہے ہیں۔ ان ارکان کو کچھ پتہ نہیں رہتا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔ اس ریمارکس پر وزیر ریونیو پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے ہریش راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اس تبصرہ پر ایوان سے معذرت خواہی کریں انہوں نے کہا کہ راؤ کے یہ ریمارک نہ صرف ایوان بلکہ سماج کی توہین کے مماثل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ، ذاتی حملہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت یا اپوزیشن کے رکن کو شخصی حملہ سے گریز کرنا چاہئے۔ ہریش راو نے یہ ریمارکس اس وقت کئے جب وزیر آر اینڈ بی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اپنی تقریر کے دوران ہریش راؤ کو کالیشورم پروجیکٹ کا چور قرار دیا۔ گورنمنٹ وہپ بیرلہ ایلیا نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ہریش راؤ نے اپنے ماموں و سابق چیف منسٹر کے سی آر کے بارے میں یہ ریمارک کیا ہوگا۔ اسپیکر اسمبلی نے بھی راؤ کے ان ریمارکس پر ناخوشی کا اظہار کیا۔