[]
رانچی: کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے اتوار کے دن مرکز کی بی جے پی حکومت پرتنقیدکی کہ اس نے سابق چیف منسٹر جھارکھنڈہیمنت سورین کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ جے ایم ایم قائد نے انڈیابلاک سے ناطہ توڑنے کے بجائے جیل جانے کوترجیح دی۔ کانگریس صدر رانچی کے پربھات تاراگراؤنڈ میں انڈیابلاک کی نیائے یاترا سے خطاب کررہے تھے جس میں مخالف بی جے پی اتحاد کے قائدین نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیمنت سورین کو انڈیا بلاک سے ناطہ توڑنے سے انکارکرنے پرجیل بھیجاگیا۔
ہیمنت سورین بہادرآدمی ہے جس نے جھکنے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی۔ قبائلیوں کو دہشت زدہ کرنا جاری رکھنے پر بی جے پی کا صفایاہوجائے گا۔ ہیمنت سورین کو منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی نے 31جنوری کو گرفتارکیاتھا۔
کھرگے نے وزیراعظم نریندرمودی کو بھی نشانہئ تنقید بنایا اور الزام عائدکیاکہ انہوں نے صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو رام مندر کی افتتاحی تقریب اور پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح میں مدعو نہ کرکے صدرجمہوریہ کی اور قبائلیوں کی توہین کی۔
کانگریس قائد نے کہا کہ بی جے پی قبائلیوں کو اچھوت سمجھتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیاکہ 2024ء کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی 150 تا180 نشستوں تک سمٹ کررہ جائے گی۔