بڑھتے ہوئے عوامی مسائل اور بھولکپور کی خستہ سڑکوں کی مسلسل شکایات کے پیش نظر ایم انیل کمار یادو رکن پارلیمنٹ نے میئر اور ڈپٹی میئر کے ہمراہ اندرا نگر فرسٹ وینچر، سیکنڈ وینچر اور گلشن نگر کا دورہ کیا۔ ابتداء میں سابق کارپوریٹر محمد واجد حسین نے تمام معزز مہمانوں کی شال پوشی کر کے استقبال کیا اور انہیں پراجا وانی پروگرام میں داخل کردہ تمام یادداشتیں حوالے کیں۔ ان یادداشتوں میں اندرا نگر فرسٹ وینچر اور سیکنڈ وینچر کی تمام سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ گلشن نگر، تاجر نگر، صدیق نگر، پدمشالی کالونی سے دیوی میڈیکل ہال، رنگا نگر اور مسجد کوہ کے زیر التواء سڑکوں کی فوری تعمیرات کے علاوہ اندرا نگر میں کمیٹی ہال کی تعمیر جسے دو سال سے التواء میں رکھا گیا ہے، کی فوری تکمیل کی یادداشتیں شامل ہیں۔
اس پر انیل کمار یادو رکن پارلیمنٹ نے میئر وجے لکشمی گدوال اور بلدیاتی عہدیداروں کو تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ میئر حیدرآباد وجے لکشمی گدوال نے تمام عہدیداروں کو ایسٹیمیٹ تیار کر کے منظوری کے لیے جمع کرانے کو کہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد منظوری دے کر ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گی۔
اس دورے میں ایڈیشنل کمشنر سینیٹیشن رگھو پرساد، زونل کمشنر سکندرآباد زون روی کرن، ڈپٹی کمشنر سرکل 15 قادر محی الدین، میڈیکل اینڈ ہیلتھ افسر ڈاکٹر پروینہ، ایگزیکٹو انجنیئر سرینواس، ڈپٹی انجنیئر سنی، اسسٹنٹ ٹاؤن پلاننگ افسر دیوندر، مچھروں کے محکمے کے افسران، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ، سٹریٹ لائٹس اور دیگر آفیسرز بھی موجود تھے۔
اس دورے میں بھولکپور کے کارپوریٹر محمد غوث الدین کے علاوہ کانگریس لیڈران وی ڈی کرشنا، ظفیر الدین، محمد رحیم الدین، سنی، رگھو، سلمان، سریش اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔