[]
عوامی مسائل کی بات کریں تو یہاں پر تعلیم، سڑک، ٹریفک، کھیتی باڑی اور پسماندگی اہم ہیں، اور بات کرنے پر ووٹروں کا کہنا ہے کہ اسی امیدوار کو منتخب کریں گے جو ان کے مسائل پر خصوصی توجہ دے گا۔ یہاں بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ شاید ہی کوئی گھر ہوگا جس کا نوجوان روزگار کے سلسلے میں کسی بڑے شہر میں نہ رہ رہا ہو۔ اس کے علاوہ کسانوں کی حالت کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔ کھیتی میں لاگت بڑھنے اور آمدنی کم ہونے کی شکایت یہاں کے کسان بھی کرتے ہیں اور موجودہ نظام میں تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ ایک حد تک تاجر طبقہ بھی پریشانی سے دو چار ہے۔ چھوٹے تاجروں کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے اور ان کی آمدنی کم ہوتی جا رہی ہے۔ چونکہ ریاست اور مرکز دونوں میں بی جے پی کی حکومت ہے، لہٰذا عوامی غصہ بھی اسی کے خلاف ہے اور امکان ہے کہ مسائل سے دو چار لوگ اس کے خلاف ووٹ دیں گے۔