[]
مہر نیوز کے مطابق، عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو فون کرکے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے سینئر کمانڈر میجر جنرل رضا زاہدی کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے صیہونی رجیم اس دہشت گردانہ حملے کو خطے میں مزاحمت کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی مسلسل ناکامیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا: ہمیں یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی استکبار شکن حکمت عملی اور ہدایات کے سائے میں اسلامی مزاحمت ایک فیصلہ کن اور حتمی فتح حاصل کرے گی۔
عراقی وزیر اعظم نے ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی غیر متزلزل اور مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، تہران اور بغداد کے اسٹریٹیجک تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے میں اپنے ملک کی حکومت کی دلچسپی پر زور دیا۔
اس ٹیلی فونک بات چیت میں صدر رئیسی نے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ایران اور عراق کے مشترکہ مؤقف کو سراہتے ہوئے تمام اسلامی ممالک کو ایسا مشترکہ موقف اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا:صیہونی رجیم کو دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر دہشت گردانہ حملے کی قیمت چکانی پڑے گی۔
صدر رئیسی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے عزم سے تہران اور بغداد کے درمیان تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط اور مزید مستحکم ہوں گے۔