[]
ممبئی: رائل چیلنجرز بنگلور کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کی ہندوستان واپسی ہوگئی۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ لندن میں تھے۔ حال ہی میں ویراٹ کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے دوسرے بچے کو جنم دیا۔ دونوں ایک بار پھر ماں باپ بن گئے۔
کنگ کوہلی کی آئی پی اے 2024 سے قبل وطن واپسی سے ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ آئی پی ایل کا 17 واں ایڈیشن 22 مارچ سے شروع ہوگا۔ آر سی بی لیگ کے پہلے میچ میں دفاعی چمپئن چینائی سوپر کنگز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
اس میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ دھونی اور ویراٹ کوہلی آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سے پہلے اسٹار بلے باز ہندوستان واپس لوٹ چکے ہیں۔ انہیں ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔ ویراٹ کوہلی ہند۔ انگلینڈ ٹسٹ سیریز میں بھی حصہ نہیں لے پائے تھے۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل کا آئندہ سیزن ویراٹ کوہلی کیلئے خاص ہونے والا ہے۔ شائقین اس سیزن میں ان سے مضبوط کارکردگی کی توقع کررہے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیاگیا تھاکہ آئندہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹیم میں ویراٹ کا انتخاب ان کی آئی پی ایل کارکردگی پر منحصر ہوگا۔
تاہم یہ دعویٰ کرنا مشکل ہے کہ اس رپورٹ میں کتنی سچائی ہے۔ 35 سالہ بلے باز نے ہندوستان کیلئے 117 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ ان میں انہوں نے ایک سنچری اور 37 نصف سنچریوں کی مدد سے 4037 رنز بنائے ہیں۔