عثمانیہ ہاسپٹل کیلئے نئی عمارت تعمیر کی جائے گی: ہریش راؤ

[]

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ، نہ صرف زراعت بلکہ شعبہ طب اور میڈیکل تعلیم میں بھی ملک بھر میں سرفہرست ہے۔

آج قانون ساز کونسل میں خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم پارٹی کے60 سالہ دور حکومت میں علاقہ تلنگانہ میں صرف دو میڈیکل کالجس تھے، مگر تشکیل تلنگانہ کے بعد9 سالوں میں 28 سرکاری میڈیکل کالجس قائم کئے گئے۔

آج ملک بھر میں موجود جملہ ایم بی بی ایس سیٹس میں 43فیصد تلنگانہ کے طلباء ہی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سارے ملک میں دھان کی پیداوار کیلئے پنجاب کو پہلا مقام حاصل تھا مگر تلنگانہ نے پنجاب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آج نمبر ایک مقام پر پہنچ چکا ہے۔

کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ نے زراعت کے ساتھ ساتھ شعبہ طب میں پہلا مقام حاصل کیا۔ ملک میں سب سے زیادہ ڈاکٹرس تلنگانہ سے آر ہے ہیں۔ آج ملک کے ہر گوشے سے میڈیکل تعلیم حاصل کرنے طلبہ تلنگانہ کا رخ کررہے ہیں۔

آندھرا پردیش سے بھی طلبہ کی بڑی تعداد تلنگانہ آر ہی ہے۔ سابق میں آندھرا پردیش میں واقع پانچ سرکاری میڈیکل کالجس میں تلنگانہ کے طلباء کو صرف15 فیصد سیٹس حاصل ہوا کرتی تھیں مگر حکومت تلنگانہ نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے نئے 26 میڈیکل کالجس میں تمام صدفیصد سیٹس تلنگانہ کے طلباء کو مختص کرنے کا فیصلہ لیا۔

ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو علاج ومعالجہ کی سہولتوں کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ عصری تقاضوں سے لیس عثمانیہ دواخانہ کیلئے نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔

اس سلسلہ میں حکومت نے ہائی کورٹ میں حلفنامہ داخل کردیا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں تقرر کردہ نئے ڈاکٹرس کا خانگی پراکٹس کرنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے تعمیر کئے جارہے 8 میڈیکل کالجس میں آئندہ تعلیمی سال سے تدریسی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی دور اندیشی اور مدبرانہ قیادت میں ریاست نے وائٹ، پنک، گرین، بلو انقلاب برپا کیا گیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *