[]
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے اہل افراد کے لیے500روپئے میں گیس سلنڈر کی اسکیم کو نافذ کرنے کے لیے ایک اور قدم آگے بڑھایا ہے۔
حکومت نے اس سلسلہ میں سرکاری احکام جاری کئے ہیں۔500روپئے میں گیس سلنڈر، کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 6ضمانتوں میں سے ایک ہے۔حکومت پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ یہ اسکیم صرف ان افرادپر لاگو ہوگی جن کے پاس راشن کارڈ ہے۔
ریاست بھر میں 1.20 کروڑ گیس کنکشن ہیں، راشن کارڈ والے مکانات کی تعداد 89.99 لاکھ ہے۔عوامی حکمرانی کے پروگرام میں درخواست دینے والے راشن کارڈ ہولڈرس کو 500 روپے کا سلنڈر دیا جائے گا۔
سرکاری حکم میں حکومت نے کہا ہے کہ وہ گیس کمپنیوں کو ماہانہ سبسڈی ادا کرے گی۔ گیس کمپنیاں سبسڈی کی رقم مستحق افرادکے بینک کھاتوں میں منتقل کریں گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ گیس کنکشن خاتون کے نام پر ہونا چاہیے۔ سلنڈر پچھلے تین سالوں کے استعمال کی بنیاد پر دیا جائے گا۔
سلنڈر کی پوری قیمت پیشگی ادا کرنی ہوگی۔ جس میں سے 500 روپے فی سلنڈر ادا کیے جائیں گے اور باقی رقم استفادہ کنندگان کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
ریاست میں اجولا گیس کنکشن کے 11.58 لاکھ استفادہ کنندگان ہیں۔ یہ تمام مہالکشمی اسکیم کے تحت آئیں گے۔