فرانس نے ششی تھرور کو اپنے اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ سے نوازا

[]

نئی دہلی: کانگریس رکن پارلیمنٹ اور اقوام متحدہ میں سابق سفارت کار ششی تھرور کو فرانس کے ‘دوست’ ہونے اور ہند-فرانس تعلقات کو مستحکم بنانے میں ان کے رول پر فرانس کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ‘شیولیئر ڈی لا لیجن ڈی آنر’ سے نوازا گیا ہے۔

تھرور کو فرانسیسی سینیٹ کے چیئرمین جیرارڈ لارچر نے فرنچ ریسیڈینس میں ایک تقریب میں اس اعزاز سے نوازا۔

ہندوستان میں فرانسیسی سفارت خانے نے ایک بیان میں بتایا کہ اعلیٰ فرانسیسی شہری ایوارڈ تھرور کی ہند-فرانس تعلقات کو گہرا کرنے، بین الاقوامی امن اور تعاون کے عزم اور فرانس کے دیرینہ دوست کے طور پر ان کی انتھک کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

بیان میں ترواننتا پورم کے ایم پی کی ‘قابل ذکر شخصیت’ اور ان کی صلاحیتوں کی بڑی تعریف کی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ششی تھرور نے اقوام متحدہ میں ایک سفارت کار کے طور پر دنیا کے کچھ مشکل ترین بحرانوں کا جواب دینے کے لئے کام کیا اور انڈر سیکریٹری جنرل کے طور پر بھی کام کیا۔ ایک نامور مصنف کے علاوہ ملک کے ایک کامیاب سیاستداں بھی بنے۔

تھرور کے پاس وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور انسانی وسائل کی ترقی کے قلمدان رہے ہیں۔ انہوں نے اہم پارلیمانی قائمہ (اسٹینڈنگ) کمیٹیوں میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔

سفارت خانے نے بتایا کہ وہ غیر افسانوی اور افسانوی کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں سے کچھ کا فرانسیسی میں ترجمہ کیا گیا ہے۔

سفارت کار سے سیاست دان بنے تھرور نے اقوام متحدہ میں کئی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ انہیں کمیونیکیشنز اور خصوصی پراجیکٹس کا ڈائریکٹر اور سیکرٹری جنرل کوفی عنان کا ایگزیکٹو اسسٹنٹ بھی مقرر کیا گیا تھا۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *