[]
حیدرآباد: صدربی جے پی تلنگانہ اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے الزام لگایا کہ ریاست میں کانگریس حکومت اپنے انتخابی وعدوں پر عمل نہیں کر رہی ہے.انہوں نے کہا انتخابات میں کانگریس نے بدعنوانیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
آج دفتر بی جے پی میں آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے پارلیمنٹ حلقہ چیوڑلہ کے قائدین کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس خاندانوں کے زیر انتظام پارٹیوں کا ڈی این اے ایک جیسا ہے۔
انہوں نے کہا اگر ریاستی حکومت کالیشورم لفٹ ایریگیشن پروجیکٹ میں بی آر ایس کے خلاف بدعنوانیوں کے الزامات کی سی بی آئی جانچ کے لیے مطالبہ کرتی ہے تو مرکزی حکومت تحقیقات کرانے تیار ہے۔ لیکن یہاں کی کانگریس حکومت سی بی آئی تحقیقات نہیں چاہتی۔
کانگریس بی آر ایس کی بدعنوانی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے قائدین اور کارکنان سے کہا کہ وہ عوام کے درمیان جا کر بی آر یس کی بدعنوانیوں پر کانگریس حکومت کے دوہرے معیار کا پردہ فاش کریں۔ صدر بی جے پی تلنگانہ نے کہا پارلیمنٹ انتخابات میں بی آر ایس کو ووٹ دینے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور کانگریس حکومت عوام سے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے سے قاصر ہے جس کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت تیسری مدت کے لیے اقتدار سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات سے قبل تلنگانہ میں بی جے پی کی لہر چل رہی ہے ہے۔ کشن ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو بوتھ کی سطح پر اچھی منصوبہ بندی کے ساتھ سخت محنت کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ہر رکن کو آئندہ پارلیمانی انتخابات میں تلنگانہ میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے لیے ”میں اپنے بوتھ میں کامیاب رہوں گا“ کے جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔