[]
حیدرآباد _ 23 جنوری ( اردولیکس) تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے دولت آباد میں بھی پیر کی رات رام مندر کے افتتاحی تقریب کی مناسبت سے نکالی گئی یاترا میں شرانگیزی کا واقعہ پیش آیا۔ دولت آباد میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی دکان نذر آتش کر دی گئی ۔ دوسری دکان میں توڑ پھوڑ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دولت آباد میں مسجد نور ضلع سنگاریڈی میں غوث نامی شخص کی میوہ کی دکان اور دودھ کی دکان پر حملہ کرتے ہوئے ایک دکان کو نذر آتش کر دیا گیا اور دوسری دکان میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ ان کی کپڑوں کی دکان کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی تھی۔ مقامی عوام کی جانب سے صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی کو اطلاع دی گئی ۔ جس پر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ضلع ایس پی سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے اشرار کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیا۔ جس پر ضلع ایس پی سنگاریڈی اپنے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ فوری طور پر دولت آباد پہنچ گئے اور حالات کو مزید بگڑنے سے روک لیا۔
بیرسٹر اویسی کی ہدایت پر جناب کوثر محی الدین رکن اسمبلی کاروان جو متحدہ ضلع میدک کے انچارج ہیں، نے پولیس کے عہدیداروں کے ساتھ رابطہ قائم کرتے ہوئے متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے میں مدد کی ۔ غوث کے مکان پر بھی حملہ کر دیا گیا جس کے بعد انہیں دولت آباد سے محفوظ مقام تک گاڑی میں پہنچایا جا رہا تھا اس وقت بھی شر پسندوں نے تقریبا 30 کیلو میٹر تک شر پسند نعرے لگاتے ہوئے ان کا تعاقب کیا۔ فون پر تعاقب کی اطلاع دینے پر پولیس نے انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مدد کی ۔امین پور بین چیرو پہنچنے کے بعد جناب غوث نے رکن اسمبلی کاروان کو بتایا کہ وہ محفوظ مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شر پسند افراد پاکستان جاو کے نعرے لگا رہے تھے اور جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے دکانوں کو نقصان پہنچارہے تھے۔