کوہلی، انگلینڈ کے خلاف پہلے 2 ٹسٹ میاچس سے دستبردار

[]

حیدرآباد: ہندوستانی ٹیم کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے پہلے 2 میاچس کیلئے ٹیم انڈیا کا حصہ نہیں ہوں گے۔ بی سی سی آئی نے یہ اطلاع دی۔

ویراٹ کوہلی ذاتی وجوہات کی وجہ سے اس سیریز کے پہلے دو ٹسٹ نہیں کھیل پائیں گے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹسٹ 25 جنوری سے شروع ہونے والی ہے جس کیلئے ٹیم انڈیا حیدرآباد پہنچ گئی ہے۔

دریں اثنا ٹسٹ سیریز کے آغاز سے قبل ٹیم انڈیا کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب ویراٹ کوہلی ذاتی وجوہات کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے۔ کوہلی نے بی سی سی آئی سے پہلے دو ٹسٹ میچوں کیلئے ان کا نام واپس لینے کی درخواست کی تھی۔ کوہلی نے کپتان روہت شرما، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز سے بات کی تھی۔

جیساکہ اس بات پر زور دیا گیاہے کہ ملک کی نمائندگی ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے، بعض ذاتی حالات ان کی موجودگی اور پوری توجہ کا تقاضا کرتے ہیں۔ بی سی سی آئی نے کہاکہ اس نے اسٹار کھلاڑی کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ان کی حمایت کی ہے۔ انہیں ٹسٹ سیریز میں بقیہ کھلاڑیوں کی صلاحیت پر پورا بھروسہ ہے۔

بی سی سی آئی میڈیا اور شائقین سے درخواست کرتاہے کہ اس دوران ویرات کوہلی کی رازداری کا احترام کریں اور ان کی ذاتی وجوہات کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے پوری توجہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔

اس دوران محمد سمیع انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹسٹ سیریز کے پہلے دو میچوں کیلئے ہندوستانی اسکواڈ میں نہیں ہیں۔ ٹخنے کی چوٹ سے پوری طرح صحت یاب نہ ہونے کی وجہ سے انہیں باہر بیٹھنا پڑا۔ اب اس بات کے امکانات ہیں کہ وہ سیریز کے ماباقی 3 میاچس سے بھی غیر حاضر رہ سکتے ہیں۔

کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق محمد سمیع جلد لندن جاسکتے ہیں۔ وہ اپنی انجری اور صحت یابی سے متعلق امور پر ماہرین سے مشاورت کیلئے لندن جانے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیاہے کہ سمیع کے ساتھ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے شعبہ اسپورٹس سائنس کے سربراہ نتن پٹیل بھی لندن جاسکتے ہیں۔

نتن کی نگرانی میں این سی اے میں سمیع کی بحالی چل رہی تھی۔ رپورٹ کے مطابق محمد سمیع کو میدان میں واپسی میں مزید ایک ماہ لگ سکتاہے۔ محمد سمیع ورلڈکپ 2023 کے بعد سے کرکٹ کے میدان میں واپس نہیں آسکے۔ ان کے ٹخنے میں مسئلہ ہے۔ اس پر کام کرنے کیلئے انہوں نے این سی اے میں کافی وقت گزارا ہے۔

ان کی صحت یابی اچھی طرح سے چل رہی ہے۔ این سی اے کا طبی عملہ بھی اس کی ترقی سے خوش ہے لیکن وہ اب بھی اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بولنگ کرنے کے قابل نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب انہیں مشاورت کیلئے لندن جانا پڑ رہا ہے۔ محمد سمیع کی غیرموجودگی میں اویش خان اور مکیش کمار کو انگلینڈ ٹسٹ سیریز کیلئے ٹیم انڈیا میں جگہ ملی ہے۔ یہ دونوں جسپریت بمراہ اور محمد سراج کے ساتھ ہندوستان کے تیز بولنگ اٹیک کی نمائندگی کریں گے۔ ہند۔انگلینڈ کے درمیان آئندہ ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ 25 جنوری سے حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *