نئے عثمانیہ اسپتال کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رواں ماہ کے آخر تک رکھا جائے گا،چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے نئے عثمانیہ اسپتال کی تعمیر کے سلسلہ میں اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ یہ اجلاس چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر ہوا جہاں انہوں نے عہدیداروں سے منصوبے کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا۔

چیف منسٹر نے تجویز کردہ مقام کی تفصیلات کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ پولیس محکمہ کے زیر اختیار اس زمین کو جلد از جلد صحت و طب محکمہ کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے دونوں محکموں کے درمیان زمین کی منتقلی کے عمل اور دیگر ضروری کارروائیوں کو فوری مکمل کرنے کی تاکید کی۔

عہدیداروں نے اسپتال کے تعمیراتی منصوبے اور ڈیزائن چیف  منسٹر کے سامنے پیش کیے۔ چیف منسٹر نے ان ڈیزائن میں چند ترامیم اور اضافی تجاویز پیش کیے اور کہا کہ اسپتال کو جدید ترین سہولیات کے ساتھ عوام کی ضروریات کے مطابق بنایا جائے۔

چیف منسٹر نے زور دیا کہ ڈیزائن میں سڑکوں، پارکنگ، مردہ خانہ، اور دیگر بنیادی سہولیات کو شامل کیا جائے اور مستقبل میں ممکنہ سڑکوں کی توسیع یا فلائی اوور کی تعمیر میں رکاوٹ نہ ہو۔

انہوں نے اسپتال کے احاطہ میں مریضوں کے رشتہ داروں کے آرام کیلئے سبزہ زار اور پارک جیسی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کو کارپوریٹ معیار کی سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔

چیف منسٹر نے مکمل منصوبوں اور ڈیزائنز کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کا حکم دیا تاکہ اسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رواں ماہ کے آخر تک رکھا جا سکے۔ عثمانیہ اسپتال کی تعمیر کے اس منصوبہ کو حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے تاکہ عوام کو اعلیٰ معیار کی طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *