[]
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں مکر سنکرانتی کی خوشیاں چند خاندانوں کے لیے ماتم میں تبدیل ہوگئیں کیونکہ گزشتہ دو دنوں کے دوران پتنگ اڑانے سے مربوط واقعات میں کم و بیش 5 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
پتنگیں اڑانے کے دوران 4 نوجوان برقی شاک لگنے یا مکانوں کی چھتوں سے گرنے سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک فوجی‘ چینی مانجہ سے گلاکٹ جانے سے ہلاک ہوگیا۔ 5 کے منجملہ 4‘ اموات شہر حیدرآباد میں ہوئی ہیں جبکہ ایک نوجوان مضافاتی ضلع رنگاریڈی میں چل بسا۔
اتوار کی شام شہر کے پیٹ بشیر آباد میں اپارٹمنٹ کی چھت سے گرنے سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔ ڈگری سال دوم کا ایک طالب علم آکاش جو اے ایس آئی پولیس راج شیکھر کے فرزند ہیں۔ ان کے والد راج شیکھر‘ الوال پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ پتنگ اڑانے کے دوران آکاش اپنے 5 منزلہ ایارٹمنٹ کی چھت سے گرپڑا اور برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ ضلع رنگاریڈی کے جوگی پیٹ میں دو منزلہ عمارت کی چھت پر پتنگ اڑانے والا30 سالہ شخص کل برقی شاک لگنے سے چل بسا۔ بتایا جاتاہے کہ پتنگ اڑانے کے دوران سبرامنیم‘ایک ہائی ٹینشن وائر کی زد میں آگئے اور برقی کا زبردست جھٹکہ لگنے سے وہ اوپر سے گرپڑے۔
اپنے شوہر کو بچانے کی کوشش کے دوران بیوی چمندیشوری دیوی زخمی ہوگئی۔ اس جوڑے کو فوری سنگاریڈی بغرض علاج منتقل کیاگیا مگر راستہ میں سبرامنیم نے دم توڑ دیا جبکہ ان کی بیوی‘ہاسپٹل میں زیر علاج ہے اسناپور سے سبرامنیم‘اہلیہ اور دو بچوں کے ساتھ سنکرانتی منانے سسرالی گھر آئے ہوئے تھے۔
قبل ازیں حیدرآباد میں دو علحدہ واقعات میں 2 بچے ہلاک ہوگئے۔ عطا پور میں اپنے اپارٹمنٹ کی چھت پر پتنگ اڑانے کے دوران برقی شاک لگنے سے 11 سالہ تنشق ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ ہفتہ کے روز پیش آیاتھا۔ یہ لڑکا‘ دوستوں کے ساتھ اپارٹمنٹ کی چھت میں پتنگ اڑارہا تھا۔
پولیس کے مطابق پتنگ اڑانے کے دوران یہ لڑکا‘ہائی ٹنشن وائر کی زد میں آگیا اور برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ دوسرے واقعہ میں ایک لڑکا‘ ناگول میں اپنے دوستوں کے ساتھ پتنگیں لڑانے کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔گورنمنٹ اسکول کے 8 ویں جماعت کا طالب علم 13 سالہ کے شیوا پراسنا پتنگ اڑانے کے دوران وہ چار منزلہ عمارت سے متصل ایک مکان کی چھت پر جو اسبسطاس کی ہے گرا جس کے سبب اسے شدید چوٹیں آئیں۔
اسے شدید زخمی حالت میں ایک خانگی ہاسپٹل کیاگیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ ضلع ناگر کرنول میں پتنگ بازی کے دوران ایک وائر جس میں برقی رو بہہ رہی تھی کی زد میں آجانے سے ایک لڑکا زخمی ہوگیا۔
اس زخمی کو علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کیاگیا۔ اتوار کی شام کو شہر کے لنگر حوض علاقہ میں چینی مانجہ سے گلا کٹ جانے سے ایک فوجی شہید ہوگیا۔ جس کی شناخت 30 سالہ کوٹیشور ریڈی کے طور پر کی گئی ہے۔