ٹماٹر بیچ کر میدک کا کسان بن گیا کروڑ پتی

[]

میدک: ٹماٹر کی آسمان چھوتی قیمتوں نے ضلع میدک میں ٹماٹر کے ایک کسان کو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں کروڑ پتی بنا دیا کیونکہ اس دوران کسان کو اس کی ٹماٹر کی فصل پر 1.80 کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدنی ہوئی۔

ضلع میدک کے کوڑی پلے منڈل کے رہنے والے 37 سالہ کسان کا نام بی مہی پال ریڈی بتایا جاتاہے۔ وہ اپنے گاؤں میں 40 ایکر اراضی پر مختلف سبزیوں کی کاشت کرتے ہیں۔

مہی پال ریڈی نے 15 اپریل کو اپنے کھیتوں میں سے آٹھ ایکڑ پر ٹماٹر کی کاشت کی تھی۔ سخت گرمی میں فصل کی بقا کو یقینی بنانے کے لئے انہوں نے سایہ دار جالیوں کی تنصیب کے ذریعہ ٹماٹر کے پودوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔

جون کے وسط میں جب مارکیٹ میں ٹماٹر کی آمد کم ہوئی تو اس دوران ہی مہی پال ریڈی کی اپریل میں بوئی گئی فصل سے ٹماٹر نکلنا شروع ہوگئے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہی ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں تو مہی پال ریڈی کی ٹماٹر پیداوار کو بھی منہ مانگے دام ملنے لگے۔

مہی پال ریڈی جو عام طور پر پٹن چیرو، شاپور اور بوئن پلی کے بازاروں میں ٹماٹر سپلائی کرتے ہیں، کو اپنی ٹماٹر کی فصل کے لئے فی کلو 100 روپے سے زیادہ ملنے لگے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ گذشتہ 20 سال سے کھیتی باڑی کر رہے ہیں لیکن انہوں نے ایک ماہ تو دور ایک سال کے عرصے میں بھی اتنی رقم کبھی نہیں کمائی تھی۔

مہی پال ریڈی 20 ایکڑ اراضی کے مالک ہیں، بقیہ زمین لیز پر لے کر کھیتی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 20 سالوں کے دوران کاشتکاری میں بلندی اور پستی، عروج و زوال بہت دیکھے ہیں لیکن اس طرح ٹماٹر کی قیمتیں پہلی بار دیکھی ہیں جو اپنی حد پار کرچکی ہیں۔

مہی پال ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے ایسا وقت بھی دیکھا کہ جب انہیں ٹماٹر کی فصل کے لئے فی کلو ایک روپیہ بھی نہیں ملا تھا اور وہ ٹماٹر سڑک کنارے پھینک واپس ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ اچھی قیمت بھی حاصل ہوئی تاہم کبھی بھی 100 روپے فی کلو نہیں ملے تھے۔  

انہیں اس فصل میں اپنے کھیتوں سے اب تک سات ہزار کریٹس ٹماٹر حاصل ہوچکے ہیں جبکہ مارکیٹ میں فی کریٹ قیمت 2600 روپے چل رہی ہے۔

مہی پال ریڈی نے اپنے ماضی کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے دسویں میں ناکام ہونے کے بعد پڑھائی چھوڑ دی تھی اور فوری کھیتی باڑی میں مصروف ہوگئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس فصل کی ہر ایکڑ اراضی پر 2 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی جس میں پودے، کھاد، سایہ دار جال، کاشت کے اخراجات، مزدوری اور دیگر اخراجات شامل ہیں۔

وہ چار ایکڑ اراضی پر شملہ مرچ کی فصل بوچکے ہیں۔ وہ جولائی اور اگست میں تقریباً 28 ایکڑ کھیتوں میں مختلف سبزیوں کی کاشت کی تیاری کررہی ہے۔

مہی پال ریڈی کی بیوی بی دیویا، محمد نگر کی موجودہ سرپنچ ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *