[]
حیدرآباد: نامپلی پولیس نے پیر کے روز محکمہ افزائش مویشیان کے او ایس ڈی کے دفتر کا معائنہ کیا اور سبوتاج کے علاوہ اہم فائلوں اور دیگر املاک کے سرقہ کے الزامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
واچ مین کی شکایت پر نامپلی پولیس اسٹیشن میں ہفتہ کے روز او ایس ڈی محکمہ افزائش مویشیان کے خلاف املاک کو نقصان پہنچانے اور فائلوں کا سرقہ کے الزام میں ایک کیس درج کیا گیا۔
ڈی سی پی (سنٹرل زون) ڈی سرینواس نے کہا کہ پولیس، اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں سے والات کرے گی۔
شہر کے سیف آباد، نارائن گوڑہ اور عابڈس پولیس اسٹیشنوں میں مزید 3 مقدمات درج کئے گئے۔ علاقہ سیف آباد میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے رویندرا بھارتی میں واقع سابق وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ کے دفتر سے فرنیچر اور دیگر چیزوں کی منقلی کو رکوا دیا تھا۔
بشیر باغ علاقہ میں چند افراد نے ایک آٹو رکشا کو روک دیا جس کے ذریعہ سابق وزیر تعلیمات سبیتا اندرا ریڈی کے دفتر کا سامان منتقل کیا جارہا تھا۔
ایک اور کیس نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا جو محکمہ سیاحت کے دفتر میں پیش آئے آتشزدگی واقعہ سے متعلق ہے جس میں کئی ایم فائلیں جل گئی تھیں۔