لبنان پر اسرائیلی حملوں کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، ایرانی وزارت خارجہ کا شدید ردعمل

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صہیونی حکومت کی جنگی کارروائیوں کے خطے کے امن و استحکام پر نہایت سنگین اور فوری نتائج مرتب ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی جارحانہ اور دہشت گردانہ حملوں میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض اور نسل کش صہیونی حکومت کی مسلسل جنگ پسندی خطے کے امن و سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے اور اس کے نتائج نہایت سنگین ہوں گے۔

اسماعیل بقائی نے اس صورتحال کی ذمہ داری امریکہ پر بھی عائد کرتے ہوئے کہا کہ 18 جون 2026 کے جنگ بندی معاہدے کی پہلی شق میں واضح طور پر درج ہے کہ لبنان میں جنگ کا خاتمہ تمام محاذوں پر دشمنی کے خاتمے کے معاہدے کا لازمی اور ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران اپنے مفادات، سلامتی اور حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اختیار کرے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *