
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل کا حزب اللہ کو ختم کرنے اور لبنان میں اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کا منصوبہ ناکام ہو چکا ہے اور جلد ہی اسرائیل کو لبنان کے ہر انچ سے نکال دیا جائے گا۔
بیروت کے جنوبی مضافات میں شہید رہنما سید حسن نصر اللہ کے مزار پر منعقدہ مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ مزاحمت ہر قسم کی غلامی اور انحصار کے خلاف کھڑی ہے۔ دشمن جب ہتھیاروں کے ذریعے مقابلہ کرتا ہے تو مزاحمت بھی ہتھیاروں کے ذریعے جواب دیتی ہے، کیونکہ حزب اللہ نے کبھی بھی قبضے اور جارحیت کو تسلیم نہیں کیا۔
شیخ نعیم قاسم کے مطابق حزب اللہ نے اپنی جنگی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنایا، اپنے ہتھیاروں کو ترقی دی اور اس وقت اس کے مجاہدین اعلی درجے کے عزم، استقامت اور جذبۂ شہادت سے سرشار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو مارچ سے پہلے کی صورتحال کی طرف واپسی ممکن نہیں اور دشمن کو لبنان کی سرزمین کے آخری حصے سے بھی نکال باہر کیا جائے گا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے مزید بتایا کہ تنظیم نے تین لاکھ خاندانوں کی رہائش اور بحالی کے انتظامات کیے، مزاحمتی قوتوں کے اتحاد کو برقرار رکھا اور اسٹریٹجک صبر کی بنیاد پر ایک طویل المدتی منصوبہ بھی تیار کیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ لبنان اس وقت اپنی تاریخ کے نہایت نازک مرحلے سے گزر رہا ہے اور ملک کو ایک خطرناک امریکی۔اسرائیلی سازش کا سامنا ہے۔
