دہلی ہائی کورٹ نے دہلی پولیس سے یہ بھی سوال کیا کہ کیا تمام عدالتی افسران کو سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس کے جواب میں پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ سکیورٹی کا فیصلہ خطرے کے اندازے یعنی تھریٹ پرسیپشن کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت 12 جج ایسے ہیں جنہیں ممکنہ خطرات کے پیش نظر سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر کسی شخص کو حقیقی خطرہ لاحق ہو تو اسے سکیورٹی دینا ضروری اور فطری بات ہے، لیکن یہاں اصل سوال یہ ہے کہ کیا تمام عدالتی افسران کے لیے مستقل بنیادوں پر ذاتی سکیورٹی افسر اور اضافی حفاظتی انتظامات فراہم کیے جانے چاہئیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس معاملے میں پالیسی سطح پر سنجیدگی سے غور کی ضرورت ہے۔
