گوہاٹی: آسام کی راجدھانی گوہاٹی میں 19 اور 20 اپریل کی درمیانی شب میں ہوئی شدید بارش کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں آبی جماؤ کی سنگین صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ سڑکوں کے زیر آبا آ جانے کے باعث معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، حالت کی سنگینی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے احتیاطاً اقدام لیتے ہوئے آج یعنی پیر کے روز تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔ ضلعی کمشنر اور ضلعی آفات انتظام اتھارٹی، کامروپ (میٹرو) کے صدر سوپنیل پال کی جانب سے جاری کردہ حکم کے مطابق گوہاٹی میونسپل کارپوریشن علاقہ کے تحت آنے والے تمام سرکاری اور نجی اسکول-کالج 20 اپریل کو بند رہیں گے۔ انتظامیہ نے یہ فیصلہ طلباء، اساتذہ اور ملازمین کی حفاظت کے پیش نظر لیا ہے۔
