ایرانی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ امریکی مرین نے کنٹینر جہاز پر چڑھائی کر اس پر قبضہ کر لیا جس کے بعد امریکی جہازوں کے خلاف ایرانی ڈرون تعینات کیے گئے۔


i
ایرانی مال بردار جہاز پر امریکی قبضہ کے بعد حالات ہر گزرتے لمحہ کے ساتھ کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔ امریکہ کو ایران نے جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی، اور یہ کارروائی اب شروع بھی ہو گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ہفتہ کے روز ایرانی جہاز پر امریکہ نے قبضہ کیا تھا، اور پھر ایک دن بعد ہی ایرانی فوجیوں نے خلیج عمان میں کئی امریکی جہازوں پر ڈرونز کی بارش کر دی۔ اتوار کے روز یہ کارروائی ہوئی، لیکن اب اس کی اطلاع سامنے آ رہی ہے۔
ایرانی میڈیا اور امریکی افسران کے مطابق خلیج عمان میں امریکی فورسز نے ایرانی پرچم لگے ایک مال بردار جہاز پر گولی باری کی تھی اور اسے قبضہ میں لے لیا تھا۔ بعد ازاں ایران نے امریکی جہازوں کو نشانہ بنایا۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے بتایا کہ امریکی مرین نے کنٹینر جہاز پر چڑھائی کر اس پر قبضہ کر لیا، جس کے بعد امریکی جہازوں کے خلاف ایرانی ڈرون تعینات کیے گئے۔ رپورٹ میں یہ صاف نہیں کیا گیا ہے کہ نشانے پر امریکہ کے ملٹری جہاز تھے یا کمرشیل جہاز۔
اس درمیان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کو دی گئی اپنی تازہ دھمکی میں کہا ہے کہ اگر امریکہ کی طرف سے پیش آفر کو ایران قبول نہیں کرتا ہے، تو ایران کے ہر ایک پاور پلانٹ اور ہر ایک پُل کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ اب مزید ’اچھا آدمی‘ بن کر نہیں رہے گا، بلکہ سبھی پاور پلانٹس اور پلوں کو تباہ کر دیا جائے گا۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ’’وہ (ایران) بہت تیزی سے اور آسانی سے گھٹنے ٹیک دیں گے، اور اگر وہ اس ’ڈیل‘ کو نہیں مانتے ہیں، تو جو کچھ بھی کرنا ضروری ہے، اسے کیا جانا میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
