[]
مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سابق نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی کی تیسری برسی کی تقریب جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں منعقد ہوئی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، مولانا مہدی نقوی، مولانا افتخار نقوی، مفتی شبیر عثمانی، مفتی گلزار نعیمی اور دیگر نے خطاب کیا۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے برسی کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہر طرح سے فلسطین کی مدد کی ہے، صفحہ ہستی سے فلسطین نہیں، اسرائیل ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالم کفر متحد ہو چکا ہے، مسلمانوں کو متحد ہو کر فلسطین کے پیچھے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، ایران یمن لبنان عراق سے فلسطینیوں کی مدد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اگر اسرائیل کی سرپرستی نہ کرتا تو یہ بہت پہلے ختم ہو چکا ہوتا، فلسطین کا وسیع انٹیلیجنس نیٹ ورک ہونے کے باوجود اسرائیل کو 7 اکتوبر کے حماس کی طرف سے حملے کی خبر تک نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایران فلسطینی بھائیوں کیساتھ ہر طرح سے کھڑا ہے اور ہم ان کی مدد جاری رکھیں گے، اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے، ان شاءاللہ اسے ہر صورت ختم ہونا ہے، ایران حماس کی مدد کر رہا ہے، فیصلے وہ خود کرتے ہیں۔
وفاق المدارس الشیعہ کے سربراہ آیت اللہ حافظ ریاض نجفی کا کہنا تھا کہ علامہ نیاز نقوی جامعہ المنتظر کے تربیت یافتہ تھے، علامہ نیاز حسین نقوی وحدت اسلامی پر یقین رکھتے تھے، علامہ نیاز نقوی نے 17 سال جامعۃ المنتظر میں گزارے اور 14 اسلامی مراکز قائم کیے، تمام اسلامی مراکز کے انتظامی و مالی امور کا انتظام وہ اپنی زندگی میں ہی کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ نیاز نقوی حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کی جرات رکھتے تھے۔ مفتی گلزار نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم کا کہنا تھا کہ علامہ نیاز نقوی اتحاد امت کا نمایاں کردار تھے، علامہ نیاز نقوی نے مختلف مکاتب فکر کو جوڑنے کیلئے توانائیاں صرف کیں، علامہ نیاز نقوی اتحاد امت اور ملت تشیع کی مضبوط آواز تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو فلسطین کی پشتی بانی کرنی چاہیے، آج امت مسلمہ متحد نہ ہوئی تو اگر فلسطین کی باری ہے تو کل باقی ممالک بھی نشانہ ہوں گے۔
مفتی شبیر عثمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعۃ المنتظر سے ہمیشہ اتحاد امت اور محبت کا پیغام گیا ہے، فلسطین کی حمایت میں سب سے پہلے ایران اور اہل تشیع کی طرف سے آواز بلند ہوئی ہے، تمام مسلمانوں کو ایران کی طرح فلسطین کیساتھ کھڑا ہو جانا چاہیے۔ مولانا باقر گھلو نے کہا کہ ہم فلسطین کے مسلمانوں کیساتھ حمایت کا اعلان کرتے ہیں، مراج عظام مجتہدین کی طرف سے حکم آیا تو فلسطین کی حمایت میں نکلنے والے ہراول دستہ ہم ہوں گے۔ برسی کی تقریب میں مولانا افضل حیدری، مولانا افتخار نقوی، مولانا کرم علی حیدری، حافظ کاظم رضا نقوی، قاسم علی قاسمی اور دیگر بھی شریک ہوئے۔