شہر میں چند کرانہ اور پان شاپس سے شراب اور گانجہ کی فروخت۔سٹی پولیس خاموش تماشائی

[]




حیدرآباد: شہر میں شراب اور گانجہ برسرعام فروخت ہورہا ہے۔ چند کرانہ شاپس اور پان شاپس پر شراب اور گانجہ کھلے عام فروخت کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود پولیس تماشائی کا رول ا نجام دے رہی ہے۔ مخصوص کرانے شاپس سے جہاں شراب بہ آسانی دستیاب ہونے کی اطلاعات ہیں وہیں یہ بتایاجارہا ہے کہ پان شاپس سے دھڑلے سے گانجہ فروخت کیا جارہا ہے، میڈیکل ہالس پر بھی نشہ آور، نیند کی دوائیں دستیاب ہیں۔

جسے نشہ کرنا ہے وہ خریدار بن کر نشہ کررہا ہے۔ جس کی وجہ سے سماج دشمن عناصر کی ٹولیاں ایک دوسرے پر حملہ آور ہورہی ہیں اور جرائم میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آیا کمشنر ٹاسک فورس کی ذمہ داری نہیں ہے کہ ان واقعات کی روک تھام کرے؟

حقیقت یہ ہے کہ چھتری ناکہ علاقہ کے للیتا باغ میں ایک مکان میں صبح سے شام تک مبینہ طورپر شراب فروخت کی جارہی ہے۔ متعلقہ پولیس اور متعلقہ ٹاسک فورس کو مبینہ طورپر بھاری معمول دینے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی اخبار میں خبر شائع ہونے کے باوجود خاتون کو گرفتار نہیں کیا گیا جبکہ سٹی کمشنر پولیس سندیپ شنڈالیہ نے پولیس ملازمین کو لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کا انتباہ دیا ہے۔ کیا پولیس پہلے جیسا کام کررہی ہے؟ جبکہ سٹی کمشنر تبدیل ہوچکے ہیں اس کے باوجود صورتحال میں تبدیلی نہیں آئی ہے۔

ساؤتھ زون میں کرپشن عام ہونے کی شکایات ہیں۔ شہر کے پولیس اسٹیشنوں بشمول ساؤتھ زون اور ٹاسک فورس ٹیموں کے انسپکٹرس، سفارش کی بنیاد پر اہم عہدوں پرفائز ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ان انسپکٹران پولیس کی پوری توجہ معمول کی وصولی پر ہی رہتی ہے اس کے سواء ان کے پاس کام کچھ نہیں ہے۔

سٹی کمشنر پولیس سندیپ شنڈالیہ کو چاہئے کہ تمام خاطیوں کے خلاف کارروائی کریں۔ پرانا پل علاقہ میں کرانہ شاپس اور دبیرپورہ، چنچل گوڑہ کے علاوہ دیگر کئی علاقوں کے پان شاپس میں گانجہ فروخت کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *