بکسر ٹرین حادثہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم۔ کئی ٹرینوں کا رخ موڑدیاگیا

[]

بکسر: ریلویز نے بہار کے ضلع بکسر میں جمعرات کے روز دہلی۔ کامکھیا نارتھ ایسٹ ایکسپریس کے پٹریوں سے اترجانے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا۔ اس حادثہ میں 4 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔

یہ ٹرین آسام سے دہلی جارہی تھی جس کی 23 بوگیاں چہارشنبہ کی رات تقریباً 9:53 بجے رگھوناتھ پور اسٹیشن کے قریب پٹری سے اترگئیں۔

ایسٹ سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر بریندر کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس واقعہ کی وجوہات کا پتہ چلانے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ہر مہلوک کے قریبی رشتہ دار کو 10لاکھ روپے ایکس گریشیا دیا جائے گا جبکہ زخمی کو 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

ای سی آر کے جنرل منیجر ترون پرکاش نے جو بحالی کے کام کی نگرانی کے لئے رگھوناتھ پور میں ہیں‘ پی ٹی آئی کو بتایا کہ پٹریوں کو صاف کرنا پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی تعداد 4 ہے جبکہ زخمی مسافرین کی تعداد 40 ہے۔ مناسب تحقیقات کے بعد ہی پٹریوں سے اترنے کی وجہ کا پتہ چلے گا۔

فی الحال ہماری اولین ترجیح پٹریوں کی صفائی ہے۔ جب تک معمول کی ٹریفک بحال نہیں ہوجاتی اس روٹ پر چلنے والی ٹرینوں کا رخ موڑدیا جائے گا۔بہرحال ریلوے پولیس فورس(آر پی ایف) کے ایک عہدیدار نے چہارشنبہ کی رات بتایا تھا کہ حادثہ میں کم ازکم 70 افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں مقامی ہاسپٹلس کو منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ای سی آر نے کہا کہ 5 مسافرین شدید زخمی ہیں اور 25 معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ پرکاش نے کہا کہ حادثہ کی وجہ کا پتہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی چلے گا۔ اسی دوران آسام کے گوہاٹی میں کامکھیا جانے والی ٹرین کے مسافر جمعرات کی اولین ساعتوں میں ایک ریلیف ٹرین میں سوار ہوگئے۔

دھات کو کاٹنے کے لئے کرینس اور آلات کا استعمال کیا جارہاہے جہاں بے شمار بوگیاں پٹری سے اترکر زمین پر پڑی ہوئی ہیں۔ زخمیوں کا بکسر ٹاؤن اور آراء ٹاؤنس کے ہاسپٹل میں علاج کیا جارہاہے۔ 10زخمیوں کو پٹنہ کے ایمس منتقل کیا گیا ہے۔

مرکزی وزیر اشوینی کمار چوبے نے جو بکسر کے رکن پارلیمنٹ ہیں‘ پی ٹی آئی کو بتایا کہ کسی کو بھی وینٹی لیٹر سپورٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے ایمس پٹنہ کے ڈائرکٹر سے بات چیت کی۔ مسافرین کو نکالنے اور بچاؤ کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔ تمام بوگیوں کو چیک کرلیا گیا ہے۔ علیحدہ اطلاع کے بموجب 22 ٹرینوں کا رخ گوہاٹی اور کولکتہ کی طرف موڑدیا گیا ہے جبکہ 2 ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب بہار میں دہلی۔ کامکھیا نارتھ ایسٹ ایکسپریس کے پٹریوں سے اترنے کی امکانی وجہ ٹریکس میں نقص ہوسکتا ہے۔

6 ریلوے عہدیداروں بشمول بدنصیب ٹرین کے ڈرائیور کی جانب سے دستخط کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ٹریکس میں نقص کی وجہ سے ٹرین پٹریوں سے اتری۔ رپورٹ میں حادثہ کی وجہ سے زائداز 52 کروڑ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ لوکو پائلٹ جزوی طورپر زخمی ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی کو اس حادثہ میں شدید چوٹیں آئی ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *