
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے اعتراف کیا ہے کہ اردن کی سرحد کے قریب ہونے والی تازہ کارروائی صہیونی حکومت کے لیے ایک سنگین اور خطرناک واقعہ تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق جنرل زامیر نے الکرامہ بارڈر کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیوں سے اسرائیل اور اردن کے درمیان موجود تعاون کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، اس لیے اس کی ہر ممکن حفاظت ضروری ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز الکرامہ سرحدی گذرگاہ پر تین عرب نوجوانوں نے صہیونی فوجیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
صہیونی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور ایک ٹرک کے ذریعے بارڈر ایریا میں داخل ہوئے اور اچانک فائرنگ شروع کر دی۔
اسرائیلی میڈیا نے اس حادثے کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی راستوں پر بڑھتی ہوئی مزاحمتی کارروائیاں اسرائیلی فوج کے لیے شدید تشویش کا باعث بن رہی ہیں۔
