بیروت کے جنوبی مضافات پر اسرائیلی حملہ، پانچ منزلہ عمارت منہدم، متعدد شہید اور زخمی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الغبیری پر فضائی حملہ کیا، جس میں ایک پانچ منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں ایک شخص شہید جبکہ کم از کم چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لبنانی ذرائع نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والی عمارت مکمل طور پر رہائشی نوعیت کی تھی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ حملے کا مقصد حزب اللہ کے ایک اعلی عہدیدار کو نشانہ بنانا تھا۔ ایک اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل کے مطابق ہدف بنائے جانے والے شخص کا تعلق حزب اللہ کے مواصلاتی نظام سے تھا، جبکہ ایک دوسرے ذرائع نے دعوی کیا کہ حزب اللہ کے ایک سینئر رہنما کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعوی کیا کہ بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے اور ایک آپریشنل مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فوج کے مطابق اس کارروائی میں دو جنگی طیاروں نے حصہ لیا اور چار رہنمائی شدہ میزائل داغے گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی علاقوں پر کیے گئے حملوں کے جواب میں کیا گیا، جبکہ لبنانی ذرائع نے اس کارروائی کو شہری علاقوں پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

یاد رہے کہ بیروت کے جنوبی مضافات حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھے جاتے ہیں اور ماضی میں بھی متعدد اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *