[]
مہر خبررساں ایجنسی نے سما کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صہیونی حکومت کے متنازعہ عدالتی بل کے خلاف صہیونیوں کے مظاہرے شدت اختیار کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صہیونی چینل کان نے رپورٹ دی ہے کہ مظاہرین نے جولان کی مقبوضہ پہاڑیوں پر رہائش پذیر نتن یاہو کے زیراستعمال ہوٹل کے باہر مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔
نتن یاہو اپنی شریک حیات سارا کے ساتھ چھٹیاں منارہے ہیں تاہم مظاہرین نے سیاحتی مقام پر بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑا جس سے نتن یاہو کی چھٹیاں منانے کی خوشیاں تلخ ہوگئی ہیں۔
اس سے پہلے صہیونی چینل 12 نے خبر دی تھی کہ مظاہروں کے پیش نظر نتن یاہو نے جولان کی مقبوضہ پہاڑیوں پر چھٹی منانے کا فیصلہ ملتوی کردیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے مختلف آلات علاقے میں پہنچانا شروع کردیا ہے۔
دوسری طرف متنازعہ عدالتی اصلاحات کے خلاف مسلسل 39 ویں ہفتے میں بھی عوام نے مقبوضہ علاقوں میں مظاہرے کئے ہیں۔ یہودیوں کی عید کی مناسبت سے صہیونی سیکورٹی حکام فلسطینیوں کی جانب سے حملے کے خطرات ظاہر کررہے ہیں۔